امریکا کی جانب سے زلمے خلیل زاد کو نمائندہٴ خصوصی برائے افغانستان تعینات کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل زلمے خیل زاد کابل میں امریکی سفارت کار کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں اور نظریاتی اعتبار سے پاکستان کیخلاف سخت موقف رکھتے ہیں۔
دورہ پاکستان پر آنے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیپو نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان نژاد زلمے خلیل زاد کو نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تعینات کر دیا گیا ہے، دورے کے دوران زلمے خلیل زاد امریکی محکمہ خارجہ کی ٹیم کا حصہ ہونگے۔
دورے کے دوران زلمے خلیل زاد افغان مسئلے کے حل میں پاکستانی کردار سے متعلق اپنی آرا بھی پیش کریں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زلمے خلیل زاد اس سے قبل کابل میں امریکی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔
صحافیوں سے گفت گو میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران زلمے خلیل زاد امریکی محکمہ خارجہ کی ٹیم کے ہمراہ مفاہمتی کوششوں پر کام کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خلیل زاد باغیوں کو قائل کرنے کے مشکل کام کو انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
خلیل زاد مزار شریف کے شمالی افغان شہر میں پیدا ہوئے اور کئی امریکی سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ روسی افواج کے خلاف جنگ کے دوران گلبدین حکمت یار سمیت دیگر مجاہدین سے ان کے قریبی تعلقات تھے۔ بعد میں طالبان دور اقتدار میں بھی جب وسطی ایشیا سے تیل کی پائپ لائن پر مذاکرات شروع ہوئے تو وہ طالبان کے حامی رہے۔
بحیثیت صدر جارج ڈبلیو بش کے مشیر بھی رہے جب امریکا کی جانب سے 11 ستمبر 2001ء کے القاعدہ کے حملوں کے بعد افغانستان پر چڑھائی کی گئی۔ خلیل زاد 2003ء سے 2005ء تک افغانستان میں امریکا کے سفیر رہے۔ اس دوران اُنہوں نے ملک میں آئین کا مسودہ تیار کرنے میں مدد فراہم کی۔ اس کے بعد وہ عراق میں سفیر رہے، اور پھر اقوام متحدہ میں امریکا کے ایلچی کے طور پر فرائض انجام دیے۔
واضح رہے کہ افغان نژاد سابق امریکی سفیر ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ خارجہ پالیسی کے امور کے ماہر بھی ہیں۔ خلیل زاد کو تعینات کرنے کا فیصلہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکی فوج کے کمانڈر لڑائی میں تعطل کے معاملے کو تسلیم کر رہے ہیں اور پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔