خبرنامہ انٹرنیشنل

سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کا مزید نئے انکشاف کرنے کا اعلان

واشنگٹن:(اے پی پی) سابق سی آئی اے کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن نے 2013 میں چونکا دینے والے انکشافات کئے اور ایک مرتبہ پھر وہ خفیہ دستاویزات منظرعام پر لانے کے لئے تیار ہیں ایڈورڈ اسنوڈن کا پہلی مرتبہ انٹرویو لینے والے صحافی گلین گرینوالڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق سی آئی اے اہلکار کے پاس موجود مزید خفیہ دستاویزات عوام کے سامنے لائیں گے جس کے لئے انہوں نے دیگر غیرملکی میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کو بھی دعوت دی ہے۔ گلین گرینوالڈ کا کہنا ہے کہ کئی صحافیوں نے ایڈورڈ اسنوڈن کی خفیہ دستاویزات پراپنا کام مکمل کرلیا ہے جس کے بعد اسے 2 درجن سے زائد میڈیا ہاؤسز کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔ گلین گرینوالڈ کے مطابق ایڈورڈ اسنوڈن سے طے پانے والے معاہدے کے تحت صحافی ضابطہ کار میں رہتے ہوئے خفیہ دستاویزات کی رپورٹنگ کریں گے جب کہ اب بھی کئی ایسی خفیہ دستاویزات ہیں جنہیں عوام کی دلچسپی کے لئے منظرعام پر لایا جائے گا تاہم کچھ ایسی دستاویزات بھی ہیں جنہیں اس لئے شائع نہیں کیا جاسکتا ہے کیوں کہ اس سے معصوم لوگ متاثر ہوں گے۔ گلین گرینوالڈ کا کہنا ہے کہ فرانسیسی اخبار کو خفیہ دستاویزات کے بعض حصوں تک رسائی دے دی گئی ہے جس میں بدنام زمانہ جیل گوانتا ناموبے میں نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی قیدیوں سے تفتیش سے متعلق کردار کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔