خبرنامہ انٹرنیشنل

سانحہ کوئٹہ پر اقوام متحدہ، یورپی یونین و د یگر کی مذمت

اقوام متحدہ:(اے پی پی) اقوام متحدہ، امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت ایران اور بحرین نے کوئٹہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے پر اظہارافسوس اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ہولناک ہے۔ سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اورکہا کہ اسلام میں انسانیت کش اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، برطانیہ، یورپی یونین،ایمنسٹی انٹرنیشنل، بحرین اور ایران نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔