خبرنامہ انٹرنیشنل

سرینگرمیں این آئی ٹی یونیورسٹی کیمپس میں بھارتی پرچم نہ لہرانے دینے پر شدید ہنگامہ آرائی

سرینگر/ نئی دہلی (آئی این پی)مقبوضہ کشمیرکے دارالحکومت سرینگر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کیمپس میں بھارتی پرچم نہ لہرانے دینے پر شدید ہنگامہ آرائی کی گئی ، بھارتی پولیس کے کشمیری طلبہ پر بدترین تشدد سے 12 طلبہ زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیاکے مطابق سرینگر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کیمپس میں بھارتی پرچم نہ لہرانے دینے پر ہنگامے پھوٹ گئے۔بھارتی پولیس نے کشمیری طلبہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بھارتی پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد کشمیری طلبہ زخمی ہوگئے۔یونیورسٹی میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئیں۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعلی محبوبہ مفتی کو فون کرکے معاملے کی تفصیلات طلب کی۔اکتیس مارچ کو بھارت ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران کشمیری طلبہ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کی جیت کا جشن منانے پر بھی تصادم ہوا تھا جس کے بعد یونیورسٹی کو چار روز کے لئے بند کردیا گیا تھا۔