ریاض(آئی این پی ) سعودی عرب میں ایک شخص نے بیوی کا رنگ گورے سے ساؤنلا ہونے پربیوی کو طلاق دے ڈالی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جازان کے علاقے ابو عریش کے ایک شہری جس کی عمر40 سال کے لگ بھگ ہوگی نے شادی کے سات ماہ بعد اپنے سسرال کو پیغام بھیجا کہ وہ اپنی بیٹی کو لے جائیں کیونکہ وہ اسے اپنے ساتھ بیوی کے طورپر نہیں رکھنا چاہتا۔ مطلقہ کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر نے طلاق دینے سے قبل پوچھا کہ تمہارے چہرے کا رنگ سفید سے ساؤنلا کیوں ہوتا جا رہا ہے۔ اس نے بتایا میں میں تین ماہ سے حاملہ ہوں اس لیے میرا رنگ بدلنے لگا ہے۔ مطلقہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی سے قبل بھی اس کا رنگ سفید نہیں تھا۔ اس نے اپنے چہرے کا رنگ بیوٹی پارلرسے تبدیل کرانے کی کوشش کی تاہم مصنوعی رنگ جلد ہی اْڑ گیا جس کے بعد اس کا شوہر اس سے ناراض رہنے لگا تھا۔اس نے مزید بتایا کہ شادی سے قبل اس کے ہونے والے شوہر نے بتایا کہ اس کی ایک اور بیوی بھی ہے جس سے اس کے سات بچے ہیں۔ اس کے باوجود میں اس کے ساتھ شادی پرآمادہ ہوگئی تھی۔خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے تمام ضروری کاغذات بھی شوہر کے پاس ہیں اس لیے وہ اپنے اور پیٹ میں موجود بچے کے حقوق کا مقدمہ لڑنے سے بھی قاصر ہے۔