خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب اپنے اندرونی مسائل کو حل کرے،ایران

سعودی عرب اپنے اندرونی مسائل کو حل کریں، ایران
تہران: (ملت آن لائن) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ علاقائی ریاستوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کی بجائے سعودی عرب اپنے اندرونی مسائل حل کرے۔ایرانی صدر کی ویب سائٹ کے مطابق ایرانی کابینہ کے اجلاس میں صدر روحانی نے سعودی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی ممالک کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے اپنے اندرونی مسائل کو حل کرے۔انھوں نے کہا کہ اگر آج آپ کو داخلی مسائل کا سامنا ہے تو آپ اپنی کوششیں ان کو حل کرنے پر لگائیں کیونکہ آپ کے داخلی مسائل سے دوسروں کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران کے کردار اور طاقت سے باخوبی واقف ہیں اور آپ سے کہیں زیادہ بااثر طاقتیں ایرانی قوم کے خلاف کچھ نہیں کر سکی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل منگل کے روز سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر الزام لگایا تھا کہ وہ یمن میں باغیوں کو میزائل فراہم کر کے ‘براہ راست جارحانہ فوجی کارروائی’ میں ملوث ہونے کا مرتکب ہو رہا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کو میزائل کی فراہمی کو سعودی عرب ‘اپنے خلاف جنگ تصور کر سکتا ہے۔ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں حال میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یمن بظاہر ایک پراکسی جنگ جاری ہے۔