خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب میں حوثی باغیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا

سعودی عرب میں حوثی

سعودی عرب میں حوثی باغیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔ سعودی عرب کی سربراہی میں یمن میں کارروائی کرنے والی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے عرب میڈیا کو بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے یمن کے صوبے صعدہ سے ایک اور بیلسٹک میزائل سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کی جانب داغا، جسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنا دیاگیا۔ میزائل کا نشانہ شہری علاقہ تھا جس سے بڑے پیمانے پر نقصان کا احتمال تھا۔ کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ایران حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے اور اسی سرپرستی کی بنیاد پر حوثی باغی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ بین الااقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پرعالمی قوتوں کو سخت ردعمل دینا چاہیے۔ باغیوں نے چند روز قبل سات میزائل بھی داغے تھے جسے ناکام بنادیا گیا تھا۔
ایک روز قبل ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو یمن میں پناہ گزینوں کی مدد کرنے کے لیے امدادی چیک دیتے ہوئے غوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میزائل حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔ قبل ازیں سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک پر زوردیا تھا کہ وہ یمن پر عائد اسلحے کی پابندی سے متعلق قرارداد نمبر 2216 سمیت تمام قراردادوں کی پاسداری کریں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے 2015 سے اب تک حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 104 بیلسٹک میزائلوں اور ایک اسکڈ میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنایا ہے۔ سعودی حکام کا دعوی ہے کہ حالیہ حملے ایرانی ساختہ میزائل کیے گئے جو کہ خفیہ راستوں سے یمن پہنچائے گئے تھے۔