خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب میں خواتین پرعائد ایک اور پابندی ختم

سعودی عرب میں خواتین پرعائد ایک اور پابندی ختم

ریاض(ملت آن لائن)سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کے بعد ان پر عائد ایک اور پابندی ختم کردی گئی۔

سعودی مملکت میں خواتین پرعائد پابندیوں کو بتدریج ختم کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ مہینہ خواتین کو ڈرائیونگ کی آزادی دینے کے فیصلہ کے بعد اب انہیں کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کےمواقع بھی فراہم کئے جارہےہیں۔ سعودی عرب میں خواتین کو اسپورٹس اسٹیڈیم میں داخلےکی اجازت نہیں تھی لیکن آئندہ سال سے سعودی خواتین اسٹیڈیم میں جا کر کھیلوں سے لطف اندوز بھی ہو سکیں گی۔

سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا گیا کہ عوام میں سراہے جانے والے یہ فیصلے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے منصوبے کا حصہ ہیں جس کے تحت ملک میں کئی طرح کی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور جن میں خواتین پر عائد متعدد پابندیوں کو بھی ختم کیا جارہاہے۔ اس سلسلے میں ریاض، جدہ اور دمام کے تین اسٹیڈیمز جو پہلے صرف مردوں کے لئے مخصوص تھے اب خواتین بھی وہاں کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں گی۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ’وِزن 2030‘ کے تحت ملک میں کئی طرح کی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور جن میں خواتین پر عائد متعدد پابندیوں کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔