خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب میں شمسی توانائی کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ

سعودی عرب میں شمسی توانائی کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ

ریاض(ملت آن لائن)سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے نیویارک میں جاپانی گروپ’’سوفٹ بنک‘‘ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت سعودی عرب میں 200 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے شمسی توانائی کے دنیا کے سب سے بڑے منصوبے کا قیام عمل میں آئے گا۔دنیا کے اس سب سے بڑے منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ سال 2030 تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔یادداشت پر شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ سوفٹ بینک ویژن فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ نے دستخط کیے۔سمجھوتے کے تحت فریقین سعودی عرب میں شمسی توانائی کے ذخیرے کے نظام کی تیاری اور ترقی کا طریقہ کار دریافت کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں تجارتی سطح پر شمسی توانائی کے پینل تیار کرنے کے لیے کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا تا کہ ان پینلوں کو مقامی اور بین الاقوامی طور پر فروخت کیا جا سکے۔اس یادداشت کے نتیجے میں سامنے آنے والے منصوبوں کے ذریعے سعودی عرب میں روزگار کے ایک لاکھ کے قریب مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی مجموعی مقامی پیداوار میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہو گا۔اس سے قبل شہزادہ محمد بن سلمان نے نیویارک میں سوفٹ بینک کے چیف ایگزیکٹو ماسا سان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سرماریہ کاری کے متعدد مواقع کا جائزہ لیا گیا۔یاد رہے کہ سعودی ولی عہد امریکا کے تین ہفتوں کے سرکاری دورے پر 20 مارچ کو واشنگٹن پہنچے تھے۔