خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب نے پاک بھارت اختلافات دورکرانے میں مدد کی پیشکش کردی

نئی دہلی/ریاض:(آئی این پی)سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات دور کرانے کیلیے مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دورکرانے کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں تاہم خود کو کسی پر مسلط نہیں کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھارتی اخبار ’’دی اکنامک ٹائمز‘‘ کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا تاریخی اتحادی ہے اور رہے گا، پاکستان سے تعلقات بھارت کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر نہیں، بھارت سے تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک تعلقات ہیں، اگر دونوں ملکوں کے ساتھ یہ قریبی تعلقات ان کے آپس کے اختلافات دور کرنے میں مفید ثابت ہو سکتے ہیں تو سعودی عرب اس کیلیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنجز درپیش ہیں جن میں سے بعض کا تعلق افغان جنگ سے ہے، پاکستان دہشت گردوں بالخصوص پاک افغان سرحد پر سرگرم عناصر کو شکست دینے کی کوشش کر رہا ہے، سعودی عرب کو یقین ہے کہ پاکستان خطرے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے جس سے جلد نکل آئے گا، انھوں نے کہا کہ ایران کے دنیا کے ساتھ بہت سے مسائل ہیں، اس کے جوہری مسئلے کو نمٹا دیا گیا ہے لیکن ایران کے دیگر مسائل جن میں دہشت گردی کی حمایت شامل ہے موجود ہیں۔