خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر یمن کے مرکزی بینک میں جمع کرادیئے

سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر

سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر یمن کے مرکزی بینک میں جمع کرادیئے

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی عرب نے یمن کی کرنسی کو مستحکم کرنے کے لئے 2 ارب ڈالر کی امداد یمن کے مرکزی بینک میں جمع کرا دی ہے جس کا مقصد مقامی کرنسی کی قدر کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ سعودی سرکاری خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی حکام نے یمن کے مرکزی بینک میں دو ارب ڈالر کی رقم جمع کرا دی ہے۔ سعودی حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس رقم کے نتیجے میں یمن کی معیشت اور یمنی شہریوں کے معاشی حالات پر مثبت اثرات مرتّب ہوں گے۔ واضح رہے کہ خانہ جنگی کا شکار یمن شدید مالی بحران کا شکار ہے ، اس سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے یمنی مرکزی بینک میں جمع کرائی گئی مجموعی رقم تین ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

……………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…اسرائیلی عدالت کا عہد تمیمی کو مقدمے کے فیصلے تک قید رکھنے کا حکم

مقبوضہ بیت المقدس:(ملت آن لائن) اسرائیل کی فوجی عدالت نے نوعمر فلسطینی مزاحمت کار عہد تمیمی کو ان کے خلاف مقدمے کے فیصلے تک جیل میں قید رکھنے کا حکم دے دیا۔ اسرائیل کی فوجی عدالت میں عہد تمیمی پر قابض صیہونی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے جرم میں مقدمے کی سماعت ہورہی ہے، سماعت کے دوران عدالت کے جج نے کہا کہ ’’ میں اس کا کوئی متبادل نہیں ڈھونڈ سکا ہوں کہ میں عہد تمیمی کو مقدمے کی کارروائی تک زیر حراست رکھنے کے سوا کوئی اور حکم دوں، اس پر جن جرائم کے مرتکب ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے ،وہ اتنے سنگین ہیں کہ حراست کے سوا کسی متبادل کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘‘۔ 16 سالہ عہد تمیمی اور ان کی 20 سالہ کزن نور تمیمی کو مغربی کنارے کے گاؤں نبی صالح میں 2 اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑمارنے کے الزام میں 19 دسمبر کوگرفتار کیا گیا تھا، واقعے کی ویڈیو انٹر نیٹ پر وائرل ہونےکے بعد عہد تمیمی کو اسرائیلی فوج کی توہین کے الزام میں گرفتار کرکے اسرائیل کے زیر انتظام عفر جیل میں بند کردیا گیا تھا۔ نوعمر مزاحمت کارعہد تمیمی کو فلسطینیوں کی جانب سے ہیرو قرار دیا جارہا ہےاور وہ فلسطینیوں کی اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک علامت کے طور پر ابھری ہیں۔ وہ اپنی گرفتاری سے قبل بھی مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیتی رہی ہیں۔