ریاض:(اے پی پی)سعودی عرب میں ٹیچر نے فائرنگ کرکے اپنے چھہ ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سعودی عرب کے صوبے جازان میں پیش آیا۔خودکار رائفل سے مسلح ٹیچر اسکول کے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں گھس گیا، اور اس نے اندھا دھند فائرنگ کرڈالی۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور ترکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے۔فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے تاہم ابھی تک فائرنگ کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔