ریاض(آئی این پی )سعودی عرب نے حزب اللہ کے ہمدرد افراد کی بے دخلی کا فیصلہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وہ حزب اللہ کی ملیشیاؤں کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے ہر مقیم کی بے دخلی عمل میں لانے پر کام کر رہی ہے۔وزارت داخلہ کے سیکورٹی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ مملکت حزب اللہ کی ملیشیاؤں کے ہر ہمدرد، معاون اور ان کو مالی تعاون فراہم کرنے والے شخص کے تعاقب کا ارادہ رکھتی ہے۔اس سے قبل سعودی عرب نے خلیجی ممالک کی تعاون کونسل کی جانب سے حزب اللہ کی ملیشیاؤں، ان کی قیادت اور ان کے زیرانتظامی ذیلی گروپوں سب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کی بھرپور تائید کی تھی۔ یہ فیصلہ ان ملیشیاؤں کے ارکان کی جانب سے دشمنانہ کارروائیاں جاری رکھنے، کونسل کے رکن ممالک کی سیادت، امن اور استحکام کی کھلی خلاف ورزیوں، متعدد عرب ممالک میں اخلاقی اور انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے منافی سرگرمیوں اور عرب قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کے پیش نظر کیا گیا۔