ریاض(آئی این پی )سعودی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے جیل سے فرار ہونے والے ایک مبینہ پاکستانی ملزم کی تلاش شروع کی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق مفرور ملزم کی عمر 40 سال ہے اور وہ مبینہ طورپر منشیات کے ممنوعہ کاروبار میں ملوث رہا ہے اور ساتھ ہی ایک متعدی مرض میں بھی مبتلا ہے۔ملزم گزشتہ اتوار سعودی عرب کے بریمان جیل سے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے اشتہاری پاکستانی شہری کے تصاویر تمام بری ، بحری اور فضائی خارجی گذرگاہوں پر آویزاں کردی ہیں تاکہ اسے دوبارہ گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔سعودی عرب کے ڈاریکٹوریٹ جنرل برائے جیل خانہ جات کے ترجمان کیپٹن عبداللہ ناصر الحربی کا کہنا ہے کہ ملزم گذشتہ اتوار بریمان جیل سے فرار میں کامیاب ہوگیا تھا۔ وہ ایک متعدی بیماری کا بھی شکار ہے۔
پولیس اور سیکورٹی اداروں نے ملزم کا تعاقب شروع کردیا ہے۔ جلد ہی اسے دوبارہ حراست میں لے لیا جائے گا۔