خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

ریاض:(اے پی پی) سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی ایک خطرناک سازش ناکام بناتے ہوئے 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سعودی فورسز کا تازہ آپریشن سرحدی علاقے عسیر کی بیشہ گورنری میں اس وقت کیا گیا جب خفیہ اداروں کو دو مشتبہ کاروں کی موجودگی کا پتا چلا۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے میڈیا کو بتایا کہ سکیورٹی اداروں کو خفیہ ذرائع سے بیشہ گورنری میں دو مشتبہ بمبار کاروں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جن کی تلاش اور تعاقب کے بعد ان میں موجود دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔پہاڑی علاقے میں پہنچ کر دہشت گرد محصور ہوگئے مگر انہوں ہتھیار پھینکنے کے بجائے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تاہم اس کارروائی میں سیکیورٹی حکام کا کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے مزید تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔ دہشت گردوں کی کاریں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک کار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔