خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی عرب کی پہلی خاتون ’ ٹور گائیڈ ‘ مریم الحربی کا نیا اعزاز

سعودی عرب کی پہلی خاتون ’ ٹور گائیڈ ‘ مریم الحربی کا نیا اعزاز

جدہ :(ملت آن لائن) سعودی عرب کی پہلی خاتون ’’ ٹور گائیڈ ‘‘ مریم الحربی سال 2017 کی بہترین گائیڈ کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ مریم الحربی کو نمایاں کارکردگی دکھانے پر ’’ بہترین ٹور گائیڈ ‘‘ کا اعزاز سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کی جانب سے دیا گیا ہے جب کہ بہترین کارکردگی دکھانے پر تعریفی سند بھی پیش کی گئی۔
عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم الحربی کا کہنا تھا کہ ’’ ٹور گائیڈ ‘‘ کے شعبے کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کا خواب لے کر اپنے کام کا آغاز کیا تھا اور آج میں اپنے خواب کی تعبیر پا کر نہایت خوشی محسوس کررہی ہوں۔ مریم الحربی نے مزید کہا کہ میری کامیابیاں نئی نسل کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوں گی اور وہ نوجوانوں کی بڑی تعداد اس شعبے سے منسلک ہو جائے گی جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نوجوانوں کو بھی روزگار کے نئے اور پُر کشش مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ٹور گائیڈ اپنے ملک کے سفارت کار کے طور پر کام کرتا ہے اور اپنے ملک آنے والے مہمانوں کو خطے کی ثقافت، تہذیب اور ورثے سے روشناس کراتا ہے جس سے سیاح ملک کا ایک روشن، مثبت اور جدید پہلو لے کر اپنے ملک واپس جائے گا اور اپنے عزیز و اقرباء کو اپنے تجربے کی بناء پر سیاحت کے لیے سعودی عرب تجویز کریں گے۔
خیال رہے کہ روایت پسند سعودی عرب میں خواتین کے کام کرنے کو معیوب سمجھا جاتا تھا یہاں تک کہ خواتین کے گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد تھی تاہم نئے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023 کے تحت سعودی قوانین میں تبدیلی لاتے ہوئے خواتین کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا جارہا ہے اور چند مشروط شرائد کے ساتھ خواتین کو ملازمت کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے.