سعودی عرب کی فوج کا دوسرا دستہ بھارتی فوج سے عسکری تربیت حاصل کرنے کے لیے بھارت پہنچ گیا ہے۔
سعودی اخبار ’عرب نیوز‘ کے مطابق یہ دستہ مہاراشٹرا میں واقع بھارتی فوج کے زیر انتظام نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت ہوگا۔
اخبار کے مطابق تین سالہ ٹریننگ کا آغاز27 جون سے ہورہا ہے جس میں نہ صرف فوجی مہارت بلکہ دونوں ممالک کی افواج میں ثقافتی ہم آہنگی بھی فروغ پائے گی اور دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
تربیت کے لیے بھارت روانہ ہونے والے دستہ میں 5 فوجی اہلکار شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی سعودی فوج کا ایک گروپ بھارت میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھارت کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدے ہوئے۔ ان معاہدوں میں ایک یہ بھی شامل تھا کہ بھارتی فوج سعودی فوجی اہلکاروں کو عسکری تربیت دے گی۔