خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی نائب ولی عہد کی جان کیری سےملاقات

واشنگٹن: (اے پی پی) سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے واشنگٹن میں ان کی رہائش پر ملاقات کی اور سعودی عرب، امریکا تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی نائب ولی عہد امریکا کے دورے پر سوموار کو واشنگٹن پہنچے تھے۔ان کی جان کیری سے ملاقات سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں فریق یمن اور شام میں ہونے والی پیش رفت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے واشنگٹن میں آمد کے موقع پر شاہ سلمان اسکالر شپ کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کے تحت امریکا میں اس وقت زیر تعلیم 2628 سعودی طلبہ اور طالبات کو وظائف دیے جائیں گے۔سعودی نائب ولی عہد اپنے دورے میں امریکا کے دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا۔