خبرنامہ انٹرنیشنل

سفیر کا قتل ، روس کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

انقرہ: (ملت+اے پی پی) ترکی میں روس کے سفیر کو ترک پولیس کے ایک اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ، سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا ، روس نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کر دیا ۔ پاکستان ، اقوام متحدہ اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دنیا بھر میں واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے ۔ ترکی میں روسی سفیر کارلوف آندرے کو انقرہ میں فنون لطیفہ کی ایک نمائش کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ ان پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ ڈائس پر کھڑے ہوکر خطاب کر رہے تھے ، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ۔ موقع پر موجود سپیشل فورسز کے اہلکاروں نے حملہ آور کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ باسٹھ سالہ اندرے کارلوو ایک منجھے ہوئے سفارتکار تھے اور 1980 کی دہائی میں شمالی کوریا میں بطور روسی سفیر تعینات رہے ۔ انہیں جولائی 2013 میں ترکی میں روسی سفیر مقرر کیا گیا ۔ روسی سفیر کے قتل کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے ۔ امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو سوچ بدلنے کی ضرورت ہے ۔ دوسری جانب روس نے انقرہ میں سفیر کی ہلاکت کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملہ سیکورٹی کونسل میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔ واقعے کے بعد ترک صدر طیب اردوان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ حملے کا مقصد شام کے امن عمل کو نقصان پہنچانا ہے ۔ ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان کیا ۔