اقوام متحدہ ۔ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعدد رکن ممالک نے روس سے شام کے شمالی شہر حلب اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی بمباری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسدی فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں محصور ہوجانے والے شہریوں تک انسانی امداد مہیا کرنے کی اجازت دی جائے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پندرہ ارکان نے بند کمرے کے اجلاس میں حلب پر دوبارہ کنٹرول کے لیے صدر بشارالاسد کی وفادار فوج کی کارروائی سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا ہے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر شام کی سرکاری فورسز نے حلب شہر میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کی ناکا بندی کر دی تو اس سے ہزاروں شہری محصور ہوکر رہ جائیں گے۔اقوام متحدہ میں نیوزی لینڈ کے سفیر جیرارڈ وان بوہیمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے فضائی حملے حلب کے نواح میں اس بحران کا براہ راست سبب ہیں۔نیوزی لینڈ اور سپین نے سلامتی کونسل کا یہ اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی اور اس میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ اسٹیفن او برائن نے حلب کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔