ایتھنز(آن لائن)یو نان سے مغربی یورپ میں داخلے کے لیے بلقان روٹ کو بندکرنے کے لیے سلووینیا نے اپنی سرحدوں پر تارکینِ وطن کے لیے نئی پابندیوں کو متعارف کروایا ہے جس سے یونان سے مغربی یورپ میں داخلے کے لیے بلقان روٹ کو بند کرنے کی کوشش میں مدد ملے گی۔ حکا م کے مطا بق اب سلووینیا میں انھیں تارکینِ وطن کو آنے کی اجازت دی جائے گی جو وہاں پناہ لینا چاہتے ہیں یا پھر جنھیں حقیقی معنوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی ضرورت ہوگی۔اس اقدام کے ردعمل میں سربیا نے کہا ہے کہ وہ بھی میسی ڈونیا اور بلغاریا سے متصل اپنی سرحدوں کو ان تارکینِ وطن کے لیے بند کر دے گا جن کے پاس درست دستاویزات نہیں ہوں گی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی ترکی اور یورپی یونین نے تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کی یورپ آمد روکنے کے ایک منصوبے کے مجموعی ڈھانچے پر اتفاق کیا ہے تاہم حتمی فیصلے کو موخر کر دیا گیا ہے۔گذشتہ روز یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا تھا کہ یورپ کی جانب ’بیضابطہ ہجرت‘ کے
دن پورے ہو چکے ہیں اور اب ایسے تارکینِ وطن کے لیے یورپ میں کوئی جگہ نہیں۔یورپی یونین کے آٹھ رکن ممالک جن میں آسٹریا، ہنگری اور سلواکیا شامل ہیں نے اپنے سرحدی کنٹرول کو سخت کر دیا ہے اور ہزاروں تارکین وطن یونان کی سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں۔جرمنی اور شمالی یورپ کی ریاستوں تک جانے کے لیے کوشاں پناہ گزین سلوینیا سے گزر کر جاتے ہیں تاہم گذشتہ روز سلووینیا کے وزیراعظم نے کہا تھا کہ بلقان کا راستہ اب پراثر انداز میں بند ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرینج کے وقت کے مطابق یہ پابندیاں شب 11 بجے لاگو ہو جائیں گی اور یہ غیر قانونی پناہ گزینوں کو واپس بھجوانے کے لیے بلقان ریاستوں اور یونان کی جانب سے ترکی سے کیے جانے والے تعاون کا حصہ ہے۔2000 سے زیادہ تارکین وطن روزانہ کی بنیاد پر ترکی سے یونان آتے ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق شام، عراق اور افغانستان سے ہے۔گذشتہ روز برسلز میں اجلاس کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ بہت حد تک اس منصوبے کے وسیع اصولوں پر رضامند ہیں تاہم انھیں معاہدے کی تفصیلات پر کام کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔خیال رہے کہ یہ مذاکرات 17 اور 18 مارچ کو ہونے والے یورپی یونین کے اجلاس سے قبل تک جاری رہیں گے۔