خبرنامہ انٹرنیشنل

سندھ طاس معاہدہ پاک بھارت پرامن تعاون کی مثال ہے: امریکہ

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعاون کی ایک مثال ہے، دونوں ممالک معاہدے سے متعلق تنازع کو بات چیت سے حل کریں،پاکستان اور بھارت کو تمام اختلافات مذاکرات سے حل کرنا ہوں گے۔ میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو سندھ طاس سے متعلق تنازع کو بات چیت سے حل کرنا چاہیے۔ سندھ طاس معاہدے پر وزیر خارجہ جان کیری کی اسحاق ڈار سے بات بھی ہوئی ہے۔ جان کربی نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان، چین اور روس کے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور ہمسایہ ممالک افغان عوام کی بہتری کیلئے بات چیت کریں جبکہ امریکہ پرامن افغانستان کیلئے تمام بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ گلبدین حکمت یار پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ اقوام متحدہ نے کرنا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ سی پیک میں شمولیت کا فیصلہ بھارت کو خود کرنا ہے۔