خبرنامہ انٹرنیشنل

سوئٹزرلینڈ؛ دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ تیار

برن (آئی این پی) سوئٹزر لینڈ میں دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ تیار کرلی گئی ، 57 کلو میٹر لمبی اس سرنگ کی تعمیر میں 20 سال لگے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ تیار کرلی گئی ہے جس کا افتتاح کردیا گیاہے ۔گوٹہارڈ ریل لنک نامی سرنگ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ سے لے کر لوگانو تک بنائی گئی ہے ۔ستاون کلو میٹر لمبی اس سرنگ کی تعمیر 20 سال میں مکمل ہوئی اور اس پر 12 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئی ہے ۔ سرنگ کی تیاری میں 2600 مزدوروں نے حصہ لیا ۔ اس دوران حادثات میں نو مزدور ہلاک بھی ہوئے ۔سوئس حکام کا کہنا ہے کہ اس سرنگ سے یورپ کی مال برداری کے میدان میں انقلاب آئے گا ۔ جرمن چانسلر اینجلا میرکل ، فرانسیسی صدر فرینکوئس اولاند ، اٹلی کے وزیرِ اعظم میٹیو رینزی سمیت یورپ کے کئی رہنما سرنگ کا دورہ کریں گے۔