خبرنامہ انٹرنیشنل

سوئٹزرلینڈ میں شدید برفباری کے باعث ہزاروں سیاح محصور

سوئٹزرلینڈ میں شدید برفباری کے باعث ہزاروں سیاح محصور

برن:(ملت آن لائن) سوئٹزرلینڈ کے معروف پہاڑی سلسلے الپائن کے سیاحتی مقام زرمات میں شدید برفباری کے باعث 13 ہزار سیاح محصور ہوگئے۔ یورپ کا سب سے بڑا پہاڑی سلسلہ ’’ایلپس‘‘ سیاحوں کی جنت تصور کیا جاتا ہے، یہ 8 ملکوں سے گزرتا ہے اور یہاں سال کے تمام مہینے دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں تاہم یہ پہاڑی سلسلہ ان دنوں شدید برفباری کی زد میں ہے۔ صرف سوئٹزر لینڈ کے اہم سیاحتی مرکز زرمات میں ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں۔ زرمات کے اسکی اسٹیشن کی سربراہ جینین امیش کا کہنا ہے کہ شدید برفبار ی کی وجہ سے مرکزی شاہراہ 3 روز سے بند ہے جب کہ ٹرین کا ٹریک بھی گزشتہ رات سے بند ہے، جس کی وجہ سے اطراف کے دیہات کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ علاقے میں 13 ہزار سے زائد سیاح پھنسے ہوئے ہیں جینین کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیاح محصور ہونے کے باوجود محفوظ ہیں، شدید برفباری کی وجہ سے جگہ جگہ برفانی تودے گر رہے ہیں، ان تک پہنچنے کی کوشش خطرناک ہوسکتی ہے، اس لئے برفباری تھمنے یا کم ہونے کا انتظار ہی بہتر ہے۔ دوسری جانب ایلپس ہی کے دامن میں اٹلی کے سیاحتی مرکز سیسٹریریز میں دو روز کے دوران 2 میٹر سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ اسی دوران 5 منزلہ ہوٹل پر پہاڑی تودہ گرا ہے، جس سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ عمارت میں موجود لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اٹلی میں 2006 کے ونٹر اولمپکس مقابلوں کے لئے بنائے گئے اولمپکس ویلیج کمپلیکس سے 100 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے کیونکہ کمپلیکس کی چھت برف کے وزن کے باعث منہدم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔