خبرنامہ انٹرنیشنل

سویڈن کے سائنسدانوں نے شفاف لکڑی تیارکرلی

،تعمیراتی لاگت اور عمارتوں کے اندر روشنی پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی کی جاسکے گی
سٹاک ہوم۔ 31 مارچ (اے پی پی) سویڈن میں سائنسدانوں نے شفاف لکڑی تیار کی ہے جسے عمارتوں میں نہ صرف شیشے کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے بلکہ تعمیراتی لاگت اور عمارتوں کے اندر روشنی پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی کی جاسکتی ہے۔ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کے کے ٹی ایچ رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق شفاف کاغذ کی تیاری کی کوششوں کے دوران تیار کی گئی شفاف لکڑی کو بائیو میکرو مالیکولز کا نام دیا گیا ہے اور اس میں سے 85 فیصد سے زیادہ روشنی گزر سکتی ہے۔ اس خاصیت کے نتیجہ میں گھروں کو اندر سے روشن کرنے کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لکڑی میں یہ خاصیت لکڑی کے خلیوں کی سیل وال میں پائے جانے والے مادے اگنن کو نکال کر ایک شفاف پولیمر جس کا نام پری پولیمرائزڈ میتھائل میتھا کرائیلیٹ ہے کو شامل کرکے حاصل کی گئی ہے اس شفاف لکڑی کو عمارتوں کے ساتھ ساتھ سولر سیلز کے فریمز کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔مزیر براں یہ لکڑی شیشے سے زیادہ مضبوط ہوگی ۔ رپورٹ کے مطابق ماہرین اس لکڑی کو کم لاگت سے اور بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے طریقوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔