خبرنامہ انٹرنیشنل

سپین: جنگلات میں لگی آگ کےباعث 1400 افراد محفوظ مقامات پرمنتقل

میڈریڈ۔:(اے پی پی) سپین کے علاقے کوسٹابلانکا میں جنگلات میں لگی آگ کے باعث 1400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیاحتی مقام کوسٹابلانکا کے علاقے جاویا میں جنگلات میں لگی آگ گزشتہ اتوار کو شروع ہوئی جو کہ بینڈورم کے ساحل کے قریب تک پھیل چکی ہے۔ آگ سے اب تک 320 ہیکٹر رقبہ اور متعدد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ مقامی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ابتدائی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی کیونکہ وہ متعدد جگہوں پر ایک ساتھ شروع ہوئی تھی۔ مقامی حکام نے اس کو ماحولیاتی دہشت گردی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ لوگوں اور ان کی ثقافت پر براہ راست حملہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے 1400 افراد کا انخلاء مکمل کرلیا گیا ہے جن کو عارضی طور پر سکولوں کی عمارتوں میں ٹھہرا یا گیا ہے۔