خبرنامہ انٹرنیشنل

سپین میں پولیس چھاپے کی تصاویرصحافی پر 601یوروکاجرمانہ

میڈرڈ:(اے پی پی) سپین میں ایک میگزین کے صحافی کی جانب سے پولیس چھاپے کی تصاویر بغیر اجازت سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے جرم میں 601 یورو کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق باسک میگزین سے وابستہ صحافی ایگزیئر لوپیز نے پولیس چھاپے کی تصاویر سماجی میل جول کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر بغیر اجازت کے شائع کئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں متنازعہ گاگ قانون کے تحت یہ سزا دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان میں دکھائے گئے پولیس اہلکاروں کو پہنچانا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ جولائی 2015ء میں سپین کی حکومت نے ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت غیر قانونی مظاہروں پر چھ لاکھ یورو تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔