میڈرڈ: (ملت+اے پی پی)سپین کی فضائیہ کے یوروفائٹر ٹائفون 2000 ہنٹر طیارے نے ایستونیا کے جنوب میں پرواز کے دوران غلطی سے فضا سے فضا میں میزائل فائر کر دیا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایستونیا کی دفاعی فورسز کی طرف سے ایک بیان میں کہا ہے کہ میزائل کے گرنے کی ممکنہ جگہ اور صورتحال کے بارے میں معلومات واضح ہو گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل میں خود کو تباہ کرنے کا موڈ فعال حالت میں ہے جس کی وجہ سے غلط فائرنگ کی صورت میں میزائل کو فضاء میں تباہ کر دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود میزائل کے زمین پر گر نے کے احتمال کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔بیان کے مطابق یہ میزائل ہسپانوی ٹیم کی اوٹیپا شہر کے قریب تعلیمی پرواز کے دوران فائر کیا گیا۔ اس کی لمبائی 3.7 میٹر اور قطر 18 سینٹی میٹر ہے۔ایستونیا کی فضائیہ کے نائب کمانڈر کرنل ریوے والگے نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایستونیا کی فضاوں میں ایسا واقعہ پہلی دفعہ پیش آیا ہے۔