خبرنامہ انٹرنیشنل

سی پیک بارے پاکستانی سیکورٹی اقدامات قابل تعریف ہیں، چین

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چین نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دی بیلٹ ایند روڈ کی تعمیر کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، دونوں ملکوں کی اعلی قیادت اسے نمایاں اہمیت دیتی ہے،اس کی سلامتی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں ، دونوں افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جاناچاہتے ہیں ۔ چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل کے مطابق چین کی مرکزی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین فان چھانگ لونگ نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ دی بیلٹ ایند روڈ کی تعمیر کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کی اعلی قیادت اسے نمایاں اہمیت دیتی ہے اور اس حوالے سے اب تک اہم پیش رفت دیکھنے میں آ ئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں چین اور پاکستان کی افواج کے درمیان عسکری تبادلوں، مشترکہ تربیت و فوجی مشقوں اور عسکری جامعات کے درمیان دو طرفہ تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں ہمہ گیر تعاون کا سلسلہ جاری ہے ۔ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کی سلامتی کے حوالے سے چین پاکستان کی موثر کوششوں کو سراہتا ہے ۔ چین پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ دونوں افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔