خبرنامہ انٹرنیشنل

سی پیک سمیت تمام منصوبےتیزی سےمکمل ہونگے، چینی صدر

بیجنگ (آئی این پی ) چین کے صدر شی جن پنگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، ان منصوبوں میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پائلٹ پراجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے اورچینی حکومت اپنی فعال تعاون سے اس کی کامیابی سے تکمیل کو یقینی بنانے کی خواہش مند ہے ۔یہ بیان چینی صدر نے یہاں ایک سمپوزیم میں دیا جو ان منصوبوں پر روشنی ڈالنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا ، چین یہ منصوبے پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے ذریعے مکمل کررہا ہے ۔دریں اثنا چینی ذرائع ابلاغ میں صدر کے خطاب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کا یہ پالیسی بیان سڑکوں ، ریل اور بحری راستوں کی تعمیر اور ترقی کیلئے ان کی پالیسی کا عکاس ہے ۔ صدر شی کا کہنا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پالیسی تعاون بنیادی ڈھانچے ، تجارت ،مالیاتی استحکام اور باہمی مفاہمت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا، 100 سے زیادہ ممالک اور بین الاقوامی تنظیمیں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں حصہ لے رہی ہیں ، چین نے بیلٹ اینڈ روڈ روٹ پر واقع 30ممالک سے مختلف ممالک سے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن میں سے 20ممالک نے چین کے ساتھ صنعتی تعاون پر رضا مند ظاہر کی ہے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے پر پیشرفت اور ظاہر ہونیوالے نتائج توقع سے کہیں زیادہ ہیں ۔چینی صدر کا مزید کہنا ہے کہ اس منصوبے سے تجارت ، سرمایہ کاری میں تعاون فروغ پائے گا اور بین الاقوامی معیشت کے استحکام اور توازن میں یہ منصوبہ بھرپور کردار ادا کرے گا ، بین الاقوامی معیشت میں کساد بازاری کے پس منظر میں یہ منصوبہ صنعتی استعداد کے ذریعے چین اور دیگر ممالک کے روٹ پر عالمی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد دے گا ، اس سے صنعتی ترقی اور اسے جدید بنانے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ صدر ژی نے مزید کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی مخصوص پالیسیوں پر بھی کام کیا جائے گا اور دفاعی منصوبوں ، توانا ئی کے وسائل کا استعمال اور جدید ترین ٹیکنالوجی میں تحقیق اور اس کی ترقی میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی ، چینی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ر وٹ پرواقع ممالک میں سرمایہ کریں اور دیگر ممالک کا چین میں سرمایہ کاری کیلئے خیر مقدم کیا جائے گا ، روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کو چین کی علاقائی ترقی کے منصوبوں سے منسلک کردیا گیا ہے جن میں بیجنگ ،ٹیان جن، ہیبی ترقیاتی پروگرام اور یانگٹ ژی اکنامک ترقیاتی زون کا منصوبہ شامل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اور ایسے منصوبے بھی جلد ازجلد شروع کئے جائیں گے۔