خبرنامہ انٹرنیشنل

شام، فضائی حملےمیں النصرہ فرنٹ کا سینئرکمانڈرہلاک

دمشق: (اے پی پی) شام میں فضائی حملے میں باغی گروپ النصرہ فرنٹ کا سینئر کمانڈر ابو عمر شراکیب ہلاک ہو گیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حلب کے مغرب میں واقع کفر ناہا نامی گاؤں میں ابو عمر شراکیب کے ٹھکانے کواس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہان تنظیم کے اہم کمانڈروں کا اجلاس جاری تھا۔ حملے میں ابو عمر سمیت اس جنگجو گروپ کے دیگر سینیئر کمانڈر بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھرالنصرہ فرنٹ جس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے پیغام میں ابو عمر شراکیب نامی کمانڈر حلب میں ہونے والے فضائی حملے میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے ۔تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کمانڈر کی ہلاکت کس ملک کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں ہوئی۔ اس وقت شام، امریکا اور اس کے اتحادی ممالک اور روس کی فوجیں شامی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔خیال رہے کہ النصرہ فرنٹ نے رواں برس جولائی میں اپنا نام تبدیل کر لیا تھا اور کالعدم تنظیم القاعدہ سے اپنے تعلقات ختم کر دیے تھے۔ واضح رہے کہ شام میں مارچ 2011 سے شروع ہونے والی لڑائی میں اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ شامی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ ہے جن میں سے 40 لاکھ کو دوسرے ممالک میں پناہ لینا پڑی ہے۔