شام :(اے پی پی)صدر بشارالاسد نے شام میں تیرہ اپریل کوعام انتخابات کا اعلان کردیا،جبکہ صدر اوباما اور ولادی میر پیوٹن نے ستائس فروری سے جنگ بندی کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا ہے۔ صدر بشارالاسد نے تباہ حال شام میں عام انتخابات کا اعلان جنگ بندی سے پہلے ہی کردیا،امریکا، روس اور جنگجو گروپ پہلے ہی جنگ بندی کا اعلان کر چکے ہیں، شام میں آخری بار پارلیمانی انتخابات دو ہزار بارہ میں ہوئے تھے۔بڑی عالمی طاقتوں روس اورامریکہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ستائس فروری سے جنگ بندی پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،اس حوالے سے دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ نے جنگ بندی کے حوالے سے مشتر کہ بیان بھی جاری کردیا۔دوسری جانب امریکا اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی کے معاہدے کی توثیق کیلئے امریکی صدر باراک اوباما اور روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔صدر اوباما کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ شام میں سیاسی تبدیلی کیلئے اہم قدم ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ تمام گروپ جنگ بندی کے معاہدے کو یقینی بنائیں گے ۔صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ شام میں خون خرابہ روکنے کیلئے حقیقی اقدامات اٹھانا ہوں گے، وائٹ ہاوس کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے صدورکے درمیان رابطے کی تصدیق کردی ہے۔