دمشق:(اے پی پی)شامی اپوزیشن نے آئندہ ہفتے جینیوا میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی۔ شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وہ شام میں ایک عبوری حکومت کے قیام پر زور دیں گے۔ رواں سال جنوری میں شام میں قیام امن سے متعلق جینیوا میں مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا جو بے نتیجہ رہے جس کے بعد آئندہ ہفتے چودہ مارچ کو دوبارہ امن مذاکرات کے ٹیبل پر بیٹھنے کیلئے شامی اپوزیشن رضامند ہوگئی ہے۔ شامی اپوزیشن کی کمیٹی این ایچ سی کے ترجمان سلیم المسلط کا کہنا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی مستورا کی کوششوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ہم اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ تمام کام بین الاقوامی قراردادوں کے تحت ہی کئے جائیں ۔ انہوں نے شامی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں الیکشن کی بات کرنا بہت جلد بازی ہوگی تاہم شام میں ایک عبوری حکومت جس کے پاس مکمل انتظامی اختیارات ہوں اس کے قیام پر زور دیں گے اور اس حکومت میں صدر بشارالاسد اور موجودہ لیڈر شپ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ شامی اپوزیشن کے ترجمان نے یورپی یونین کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی یورپی یونین کو توڑنے کی کوششوں کو روکیں۔