خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی اپوزیشن رہنما ریاض حجاب کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

شامی اپوزیشن رہنما ریاض حجاب کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان
دمشق۔:(ملت آن لائن) شامی اپوزیشن کی اعلی مذاکراتی کمیٹی کے جنرل کوارڈینیٹر ریاض حجاب اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ریاض حجاب نے اپنا استعفیٰ عربی زبان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری کیا۔ ریاض حجاب جنرل کوارڈینیٹر کے عہدے پر 2015 سے کام کر رہے تھے۔شامی اپوزیشن رہنما کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذمہ داری سنبھالنے کے پہلے ہی دن سے ہمیشہ شام کو متحد رکھنے کی کوشش کی۔ ایسا شام کہ جس میں بشار الاسد کے لئے کوئی جگہ نہ ہو۔انھوں نے کہا کہ متعدد چیلنجز کی وجہ سے بشار الاسد کو اپنا اقتدار طول دینے میں مدد ملی اور انہی کی وجہ سے شام اور اس کے عوام ان بیرونی قوتوں کا تختہ مشق بن گئے جو شام کی تقسیم چاہتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نے متحد ہو کر اپنا قومی استحکام اور آزادی نافذ کرنے کی کوشش کی۔ریاض حجاب کا مزید کہنا تھا کہ شامی انقلاب کے مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر میں نے دو برس خوب محنت کی لیکن اب میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہو رہا ہوں۔ سپریم کمیشن کی مزید کامیابیوں کے لئے میری نیک خواہشات ان کے ہمراہ ہوں گی تاکہ میرا ملک شام، امن ، استحکام اور حفاظت کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔انھوں اپنے استعفیٰ کے اختتام پر شامی عوام کا شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں انصاف کی خاطر ان کا ساتھ دیتے رہے۔