خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی شہر حلب میں عارضی جنگ بندی کا اعلان

دمشق :(اے پی پی) امریکہ اور روس کے دباؤ کے بعد حلب میں شامی حکومت اور باغی گروہوں نے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔اس سے پہلے منگل اور بدھ کی درمیانی رات حکومت اور باغیوں میں منقسم اس شہر میں باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان خوفناک جھڑپوں میں درجنوں لوگوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔شامی فوج کا کہنا ہے کہ یہ جنگ بندی 48 گھنٹوں تک رہی گی جو جمعرات کو مقامی وقت ایک بجے شروع ہوئی۔امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے اس معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ اس جنگ بندی سے حلب میں جاری جنگ مکمل ختم ہو جائے۔‘اس سے پہلے شام میں انسانی حقوق کے نگراں ادارے نے بتایا کہ منگل کی شام کو باغیوں نے حکومتی اختیار کے علاقے میں پیش قدمی کی لیکن بدھ کی صبح تک انھیں واپس دھکیل دیا گیا۔ادارے کے مطابق یہ لڑائی گذشتہ ایک سال کے عرصے میں ہونے والی شدید ترین لڑائی تھی۔بعد ازاں امریکہ نے کہا ہے کہ روس کے یہ معاہدہ طے پا گیا ہے کہ جنگ بندی کے علاقوں میں حلب کو بھی شامل کیا جائے۔گذشتہ دو ہفتوں کے دوران حلب میں شدید ہونے والی لڑائی میں 300 سو کے قریب لوگ مارے جا چکے ہیں۔شام میں فریقین کے حامیوں امریکہ اور روس نے فروری کے آخر میں جنگ بندی کروائی گئی جو اب خاتمے کے قریب ہے۔