خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی علاقے غوطہ میں قتل عام پر شوبز ستارے بھی بول پڑے

شامی علاقے غوطہ میں قتل عام پر شوبز ستارے بھی بول پڑے

لاہور:(ملت آن لائن) ملک شام کے علاقے غوطہ کے مشرقی علاقے میں جاری بمباری اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر پاکستان و بھارت کے شوبز ستارے بھی بول پڑے۔ اسٹارز سوشل میڈیا پر مطالبہ کر رہے ہیں کہ شام میں معصوم شہریوں کے خلاف قتل و غارت گری بند کی جائے۔ واضح رہے کہ شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ قصبہ غوطہ میں گذشتہ ایک ہفتے سے شامی حکومت کی جانب سے شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں معصوم بچوں کی بھی کثیر تعداد شامل ہے۔ اس کارروائی میں شامی حکومت کو روس کی حمایت بھی حاصل ہے، دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پوٹن نے آج حکم جاری کیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غوطہ میں روزانہ پانچ گھٹنے ( صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک) کا وقفہ لایا جائے۔ شام کے معصوم شہریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف متعدد نامور اسٹارز نے سوشل میڈیا پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا، جن میں ماہرہ خان، ماورہ حسین، علی ظفر، ایشا گپتا اور دیگر شامل ہیں۔
ماہرہ خان:
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتیں، انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس بربریت کو بے حسی قرار دیا۔
علی ظفر:
پاکستان سمیت پوری دنیا میں اپنا نام روشن کرنے والے گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’انسانیت کو جاگنے کی ضرورت ہے‘۔
سلمان خان:
بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے بھی شامی بچوں کے حق میں آواز بلند کی اور انسٹاگرام پر ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آخر شام کے ان لوگوں اور معصوم بچوں نےکیا کیا ہے؟ انسانیت کے ناطے ہمیں ان بچوں کا قرض چکانا ہوگا، ہمیں انہیں پر امن ماحول دینا ہوگا‘۔
شاہد آفریدی:
معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں مطالبہ کیا کہ شام کے علاقے غوطہ میں ہونے والی قتل و غارت گری کو فوری طور پر روکا جائے اور معصوم بچوں اور لوگوں کی جان بچائی جائے۔
ایشا گپتا:
بھارتی اداکارہ ایشا گپتا نے بھی غوطہ کے علاقے میں ہونے والی بربریت کی شدید مذمت کی اور ایک ٹوئٹ میں اسے سیاہ دور قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ دور ہے جہاں انسانیت کے لیے بھی سرحد دیکھی جاتی ہے، جہاں بچوں کے لیے بھی مذہب دیکھا جاتا ہے اور یہی سب سے بڑا مسئلہ ہے‘۔
احمد علی بٹ:
پاکستان کے مشہور کامیڈی اداکار احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اظہار افسوس کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’400 سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے لیکن اب بھی سب خاموش ہیں، ہمیں ایک دن اس کا حساب دینا ہوگا‘۔
ماورہ حسین:
پاکستانی اداکارہ ماورہ حسین نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’ہم کیا بن چکے ہیں؟ شام میں پھول جیسے معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے’, ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اس ظلم سے بچایا جائے۔