خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی فوج دو کیمیکل حملوں کی ذمہ دار قرار

اقوام متحدہ:(آئی این پی) اقوام متحدہ نے شامی فوج کو زہریلی گیس کے دو حملوں کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ گلوبل کیمیکل ہتھیاروں کے واچ ڈاگ اور اقوام متحدہ کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق داعش نے سلفر مسٹرڈ گیس حملوں کا استعمال کیا جبکہ شامی حکومت نے دو مرتبہ زہریلی گیس کے حملے کیے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ ایک میٹنگ کے بعد رپورٹ کو جاری کردیا جائے گا، رپورٹ کا جائزہ 15 رکنی سلامتی کونسل لے گی۔ وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی تحقیقات کے بعد شام اب کیمیکل اور گیس حملوں سے انکار نہیں کرسکتا۔ نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان کے مطابق کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال پر شامی صدر بشارالاسد کو جواب دینا پڑے گا۔ جس کے لیے سلامتی کونسل سمیت تمام سفارتی ذرائع بھی استعمال کیے جائیں گے۔