خبرنامہ انٹرنیشنل

شامی فوج کی غوطہ میں بمباری، 32 شہری جاں بحق

شامی فوج کی غوطہ

شامی فوج کی غوطہ میں بمباری، 32 شہری جاں بحق

بیروت / واشنگٹن:(ملت آن لائن) شامی فوج نے مشرقی غوطہ میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 32 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بمباری دوما قصبے میں کی گئی، رپورٹ کے مطابق دوما میں بمباری سے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، یہ بھی اطلاع ہے کہ بمباری میں روسی جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا، بمباری سے 32 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں، مشرقی غوطہ میں بمباری سے ہلاکتیں 1600 ہوگئی ہیں۔
امریکی جنرل کینتھ مکینزی نے کہا ہے کہ شام سے متعلق حکمت عملی میں کوئی بھی تبدیلی نہیں ہوئی، شام میں امریکا کے تقریباً 2000 فوجی تعینات ہیں جو داعش کا صفایا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ گروہ کو نیست و نابود کر دیں۔ امریکی سینٹرل کمان کے جنرل جوزف وٹیل جو مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کے سربراہ ہیں انھوں نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ایک سماعت کے دوران کہا تھا کہ ابھی کچھ ایسے علاقے ہیں جہاں داعش موجود ہے اور ہمیں اپنی کارروائیاں جاری رکھنی ہوں گی۔

لندن میں چاقو حملوں میں تیزی، ڈیڑھ گھنٹے کے دوران 6 نوجوان زخمی

لندن:(ملت آن لائن) برطانوی دارالحکومت لندن میں کئی روز سے جاری چاقو حملوں میں تیزی آگئی، آج چاقو حملوں میں 90 منٹ کے دوران نصف درجن نوجوان زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں چاقو کے حملوں میں تیزی آگئی، صرف ڈیڑھ گھنٹے کے دوران لندن بھر میں چاقو حملوں کے 4 مختلف واقعات میں 6 نوجوان زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ پہلا چاقو حملہ شہر کے مشرقی علاقے مائل اینڈ میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آور نے چاقو کے وار سے 3 نوجوانوں کو زخمی کردیا، چند منٹ بعد براؤڈوے اور ایسٹ انڈیا ڈاک کے علاقوں میں دو مختلف حملوں میں دو نوعمر لڑکے زخمی ہوگئے جب کہ نیوہم میں چاقو کے وار سے 13سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویش ناک ہے۔
لندن نے جرائم میں نیویارک کو پیچھے چھوڑ دیا
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاقو حملوں کے الزام میں 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک لندن میں قاتلانہ حملوں میں 55 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ لندن میں حالیہ جرائم کی شرح گزشتہ 7 برس کے دوران سب سے زیادہ ہے۔