خبرنامہ انٹرنیشنل

شام ،امریکی فضائی حملے میں القاعدہ ترجمان کی ہلاکت کی تصدیق

بیروت/دمشق(آئی این پی ) شام میں القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم النصرہ فرنٹ نے اپنے ترجمان اور سینیئر کمانڈر ابو فراس السوری کی امریکی فضائی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گردش کرنے والے پیغام میں النصرہ فرنٹ کا کہنا تھا کہ سوری اور دیگر اراکین ‘3 اپریل 2016 کو ایک فضائی حملے میں مارے گئے۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ فضائی حملہ اتوار کو ایک تربیتی کیمپ پر کیا گیا تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ کارروائی شام کے کس علاقے میں کی گئی۔رواں ہفتے پیر کو پینٹاگون نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ النصرہ فرنٹ کے ایک اجلاس کے دوران امریکا نے فضائی کارروائی کی، تاہم بیان میں سوری کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔اپنے آن لائن بیان میں النصرہ فرنٹ کا کہنا تھا کہ ابو فراس السوری امریکا کی قیادت میں عرب اتحاد کی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ سوری کی ہلاکت کی خبر کو شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے برطانوی آبزرویٹری گروپ نے رپورٹ کیا، جس کا کہنا تھا کہ سوری، ان کا بیٹا اورکم ازکم 20 دیگر عسکریت پسند شامی صوبے ادلب میں فضائی کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔ابو فراس ایک سابق شامی فوجی افسر تھے جنھیں 1970 کی دہائی میں فوج سے نکال دیا گیا تھا، 1980 کی دہائی میں انھوں نے افغانستان میں مختلف لڑائیوں میں حصہ لیا اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کے ساتھ کام کیا۔بعدازاں انھیں النصرہ فرنٹ کا ترجمان بنادیا گیا، وہ تنظیم کی پالیسیاں بنانے والی مجلسِ شوری کے رکن بھی تھے۔