خبرنامہ انٹرنیشنل

شام: اتحادی طیاروں کی بمباری، داعش کا سینئر رہنما ابو عمر الشیشانی ہلاک

دمشق (آن لائن)امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں اتحادیوں کی بمباری میں داعش کا سینئر رہنما ابو عمر الشیشانی ہلاک ہو گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ابو عمر 4 مارچ کو قصبے الشدادی پر ہونے والی بمباری میں ہلاک ہوا۔ وہ سابق روسی ریاست جارجیا کا شہری تھا اور داعش میں بطور وزیر جنگ خدمات انجام دے رہا تھا۔ ابو عمر کے بارے میں اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر انعام تھا۔ وہ چیچنیا میں روسی فوج کے خلاف لڑائی میں حصہ لینے کی وجہ سے عمر دی چیچن کے نام سے بھی مشہور تھا۔ ابو عمر الشیشانی دو ہزار بارہ میں خانہ جنگی کے آغاز پر شام پہنچا تھا اور داعش میں شامل ہوا تھا۔ ابو عمر الشیشانی امریکا کو انتہائی مطلوب افراد میں شامل تھے اور اس کے بارے میں زندہ یا مردہ اطلاع دینے والے کے لئے 5 ملین امریکی ڈالر انعام رکھا گیا تھا۔امریکی حکام نے بتایا کہ الشیشانی کو امریکی لڑاکا طیاروں اور بغیر پائیلٹ جاسوسی طیاروں نے مشترکہ کارروائی میں شامی شہر الشدادی کے قریب نشانہ بنایا۔امریکی وزارت دفاع کا خیال ہے کہ الشیشانی کو اس علاقے میں ‘داعش’ کے جنگجو کی ہمت افزائی کے لئے بھیجا گیا تھا کیونکہ انہیں امریکا اور عرب اتحادیوں کی حمایت یافتہ فورسز کے ہاتھوں مسلسل پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ انتہا پسند تنظیم نے گزشتہ مہینے الشدادی کا کنڑول حاصل کر لیا تھا۔پینٹاگان کے ترجمان پیٹر کک نے بتایا کہ امریکی فوج اب بھی اپنی کارروائی کے نتائج کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم حکام کے مطابق یہ کارروائی انتہائی اہمیت کے حامل نتائج لائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جارجیا کے شہری الشیشانی ایک عرصے سے شام میں مقیم تھے اور وہ دولت اسلامیہ کی خلافت کے اعلان کے بعد اس میں وزیر جنگ سمیت متعدد دوسرے اہم فوجی عہدوں پر فائز رہے۔