خبرنامہ انٹرنیشنل

شام: حماہ میں قیدیوں کی ہڑتال ختم کرانے کا معاہدہ

دمشق:(آن لائن)شام میں سرگرم کارکنان کے مطابق حماہ کی مرکزی جیل میں تقریبا 800 قیدیوں کی ہڑتال ختم کرانے کے لیے اصولی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ شامی حکومت ان سیاسی قیدیوں کی رہائی پر آمادہ ہو گئی ہے جن پر کوئی الزام نہیں ہے۔ طے پانے والا یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے حماہ کی مرکزی جیل میں شروع ہونے والی قیدیوں کی نافرمانی تحریک کو بھی ختم کر دے گا۔ نافرمانی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب حکام کی جانب سے پانچ قیدیوں کو صیدنایا کی جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مذکورہ پانچ قیدیوں کے خلاف فوجی عدالت نے سزائے موت کے احکامات جاری کیے ہیں۔باغیوں نے دمشق سے 210 کلومیٹر دور واقع حماہ کی مرکزی جیل پر کنٹرول حاصل کر کے پہرے داروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔اس کے نتیجے میں جیل کا محاصرہ کرنے کے بعد بشار الاسد کی فوج نے جمعہ کے روز بغاوت ختم کرنے کے لیے پٹرول بموں، آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کرتے ہوئے جیل پر دھاوا بولنے کی کوشش کی تھی۔