ماسکو ۔ (اے پی پی) روسی صدر ولادی میر پوٹن کے شام سے فورسز کے انخلاء کے حکم کے بعد لڑاکا طیاروں کا پہلا گروپ جنگ زدہ ملک شام میں اپنے فوجی اڈے سے وطن واپس پہنچ گیا ہے۔روسی وزارت دفاع نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ”روسی لڑاکا طیاروًں کا پہلا گروپ شام کے حمیم ائیربیس سے روسی فیڈریشن کے علاقے میں اپنے مستقل اڈوں پر پہنچ گیا ہے۔ان میں ایس یو34 لڑاکا طیارے اور ٹی یو 154 ٹرانسپورٹ طیارے شامل ہیں۔وزارت دفاع نے مزید بتایا ہے کہ روسی طیارے گروپوں کی شکل میں ائیربیس سے واپس روانہ ہوں گے،ان کے ساتھ ایک ٹرانسپورٹ طیارہ ہوگا۔تمام روسی طیارے پہلے سے طے شدہ روٹ پر گروپوں کی شکل میں محو پرواز ہوں گے اور تمام طیارے روسی فیڈریشن کے کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد الگ الگ اپنے اپنے اڈوں کی جانب چلے جائیں گے۔واضح رہے کہ روس کے لڑاکا طیارے 30 ستمبر 2015ء سے شام میں صدر بشارالاسد کی وفادار مسلح افواج کے خلاف لڑنے والے داعش اور دوسرے باغی گروپوں کے خلاف فضائی حملے کررہے تھے۔ روسی صدر نے ایسے وقت میں شام میں موجود اپنی فوج اور لڑاکا طیاروں کو واپس بلایا ہے جب جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں شامی حکومت اور حزب اختلاف کے نمائندوں کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہوا ہے۔