خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں امدادی اسپتال پر فضائی حملے،34 افراد جاں بحق

حلب: (اے پی پی)شام میں امدادی اسپتال پر فضائی حملے میں چونتیس افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امن عمل کامیاب بنانے اور مذاکرات بچانے کیلئے روس اور امریکا کردار ادا کریں۔ شام کے شہر حلب میں تازہ حملہ عالمی امدادی تنظیم میدساں فرنٹیئر کے تحت چلنے والے القدس اسپتال پر کیا گیا۔ اسپتال کے نزدیک عمارتوں پر مسلسل چار فضائی حملے کیے گئے جن میں مریضوں اور تین ڈاکٹروں سمیت متعدد بچے ہلاک ہوئے۔ حلب کے مقامی ذرائع نے حملے کا الزام شامی حکومت یا روسی جنگی طیاروں پر عائد کیا تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ امدادی کارکنان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے قریب پانچ منزلہ عمارت بھی تباہ ہوئی، ہلاکتوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔شام میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔