خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں باغی مسلح گروپ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر دھماکا، 23 افراد ہلاک

شام میں باغی مسلح گروپ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر دھماکا، 23 افراد ہلاک

دمشق:(ملت آن لائن) شام کے شہرادلب میں باغی مسلح گروپ أجناد القوقاز کے ہیڈ کوارٹر کے باہر بم دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ شام کے شہر ادلب میں بشار الاسد حکومت کے خلاف برسرپیکار مسلح شدت پسند تنظیم ’’أجناد القوقاز‘‘ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر موجود کار بم حملہ ہوا ہے۔ دھماکے میں 23 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں. ہلاک ہونے والوں میں 3 سگی بہنوں سمیت 7 عام شہری بھی شامل ہیں۔حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی اور نا ہی اس بات کی تصدیق ہوسکی ہے کہ حملے کا ہدف تنظیم کا ہیڈ کوارٹر ہی تھا۔ ادلب میں باغیوں کے خلاف شام کی سرکاری فوج کے حملوں میں شدت آگئی ہے اور اس کے لیے شام کی فوج کو روس کے جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔

…………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…ایران کے اسکولوں میں انگریزی زبان پر پابندی عائد

تہران:(ملت آن لائن) ایران کے تمام سرکاری اور نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایران کے سرکاری ہائی ایجوکیشن کونسل کے سربراہ مہدی نوید نے بتایا ہے کہ ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کم عمری میں انگریزی سکھانے سے بچوں کے مغربی ثقافت سے قریب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس بیان کے تناظر میں ایرانی حکومت کی جانب سے تمام سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب کسی بھی سرکاری یا نجی پرائمری اسکول کے نصاب میں انگریزی زبان کی تعلیم کو شامل کرنا خلاف قانون ہوگا۔ مہدی نوید کا کہنا تھا کہ یہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ایسا مانا جاتا ہے کہ پرائمری اسکولوں کے طالب علموں میں ایرانی ثقافت کی بنیاد مضبوط نہیں ہورہی اس لئے ایران میں انگریزی کی غیر نصابی کلاسز پر بھی پابندی لگائی جانے کے امکانات ہیں۔ دوسری جانب خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان پر پابندی کے فیصلے کا مطلب غیر ملکی زبانوں کو سیکھنے کی مخالفت نہیں بلکہ غیرملکی ثقافت کو ملک کے بچوں، نوجوانوں اور نوجوان نسل میں فروغ دینے کی مخالفت کرنا ہے۔