خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا،روس

شام میں جنگ بندی

شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا،روس

ماسکو۔ (ملت آن لائن) روس نے شام میں حکومت کی جانب سے باغیوں کے علاقے پر بمباری کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قرارداد میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے مطالبہ کیا کہ کارروائی کا معقول ہو نا ضروری ہے۔تاہم مغربی سفارتکاروں نے روس پر سلامتی کونسل کا وقت ضائع کرنے کا الزام لگایا ہے۔انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ 5دنوں کے دوران تقریباً 400 افراد دمشق کے قریبی علاقے غوطہ میں مارے گئے ہیں۔روس ان 5عالمی طاقتوں میں شامل ہے جو اس قرارداد کو ویٹو کر سکتی ہیں، روس خانہ جنگی دوران شامی صدر بشار الاسد کا اہم حمایتی رہا ہے۔مغربی طاقتوں کے خیال میں روس اپنے اتحادی کو اتنا وقت دینا چاہتا ہے کہ وہ باغیوں کے ساتھ ایک آخری بڑی ڈیل طے کر لے۔دوسری جانب امریکہ، برطانیہ اور فرانس بنا کسی تاخیر کے اس قرارداد کو منظور کرانا چاہتے ہیں۔اقوام متحدہ کے شام میں انسانی حقوق کے کوآرڈینیٹر پینوز مومتز نے بھی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے مشرقی غوطہ کی دل دہلا دینے والی تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کو جنگ بندی کے لیے قائل نہیں کر سکتی تو پھر ہم نہیں جانتے کہ کیا چیز انھیں قائل کر سکتی ہے۔‘