دمشق ۔ (اے پی پی) شامی صدر بشار الاسد نے عالمی طاقتوں کی جانب سے شام میں جنگی اقدامات اور کارروائیاں روکنے کے منصوبوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر عملدرآمد مشکل ہوگا۔ ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں شامی صدر بشار الاسد نے کہا کہ اس قسم کی جنگ بندی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تمام گروہ ہتھیار ڈال دیں گے۔بشار الاسد نے کہاکہ عالمی طاقتوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر جنگ بندی چاہتے ہیں تاہم ایک ہفتے کے اندر کون تمام مطالبات اور شرائط کو یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہر کوئی ہتھیاروں کا استعمال روک دے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب دہشت گردوں کو اپنی پوزیشن مستحکم کرنے سے روکنا ہونا چاہیے اور ہتھیاروں، آلات، اور شدت پسندوں کی ترسیل یا پوزیشن مستحکم کرنے کی ممانعت ضروری ہے۔