خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں جھڑپیں اورترک فضائیہ کی بمباری سے 114 افراد ہلاک

دمشق / انقرہ:(اے پی پی) شام میں فوج، داعش کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں اور ترک فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 114 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ شامی فوج کی حلب میں بمباری کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے۔ شامی فوج نے حلب میں داعش کے ٹھکانوں پر50حملے کیے جس سے جنگجوؤں کو بھاری نقصان ہوا۔ دریں اثنا شامی فوج داعش کے مضبوط گڑھ رقہ میں داخل ہوگئی ہے۔ جھڑپوں میں 26 جنگجواور 9 فوجی اہلکار مارے گئے۔ دوسری جانب شام کے شہروں ہمدانیہ، میدان اور دوسرے نواحی علاقوں میں باغیوں کے حملے میں 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی حمایت یافتہ شامی باغی داعش کے مضبوط گڑھ منجیج کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ صدر بشارالاسد کی اہلیہ کے ذاتی محافظ کو قتل کردیا گیا۔ صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماکے ذاتی محافظ علا مخلوف کو دارالحکومت دمشق میں ایک کارروائی میں ہلاک کیاگیا۔ مخلوف کی ہلاکت کے حوالے سے بشار الاسد کے ہمنواں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے ہیں۔ علاوہ ازیں ترک جنگی طیاروں نے شمالی عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 27 کرد باغی ہلاک ہوگئے۔