خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں روسی طیاروں کی بمباری سے 50 افراد ہلاک

شام میں روسی طیاروں کی بمباری سے 50 افراد ہلاک
دمشق:(ملت آن لائن) شام کے صوبہ دیرالزور میں روسی طیاروں کی مبینہ بمباری سے 20 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوئے۔ شامی صوبے دیرالزور کے شہر البوکمال کے شہری علاقوں پر روسی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔
روسی طیاروں کی بمباری کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے 2 روز قبل بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شدت پسند تنظیم داعش نے ایک بار پھر حکومتی فوج کو پیچھے دھکیلتے ہوئے البوکمال شہر پر قبضہ کرلیا ہے تاہم دوسرے ہی روز روسی عسکری حکام نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت اور اس کے اتحادی علاقے سے نہیں نکلے اور اس حوالے سے بیانات جھوٹ اور افواہوں پر مبنی ہیں۔دوسری جانب عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی صوبے حلب کے شمال اور مغربی دیہات پر بمباری کے بعد شدت پسند داعش کو فرار ہونے پر مجبور کردیا گیا ہے جب کہ اس کے 25 کارندوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور خود کو شامی حکام کے حوالے کردیا ہے۔