خبرنامہ انٹرنیشنل

شام پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ: اقوام متحدہ

نیویارک:(اے پی پی) اقوام متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ سٹیفن اؤ برائن نے شامی صوبہ ادلب میں ترکی کی سرحد کے قریب پناہ گزین کیمپ پر ہونے والے فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیاہے۔پناہ گزیں کیمپ پر ہونے والے فضائی حملے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔اس کیمپ میں زیادہ تر وہ لوگ آباد ہیں جو حلب سے نقل مکانی کر کے آئے تھے۔ دوسری جانب امریکی وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑائی سے جان بچا کر آنے والے معصوم شہریوں پر حملے کا کوئی جواز نہیں۔واضح رہے کہ یہ حملہ شام میں جنگ بندی کی توسیع کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔اس وقت ان علاقوں میں 48 گھنٹوں کی جنگ بندی جاری ہے جو جمعرات کی صبح شروع ہوئی۔ قومی سطح پر کی گئی اس جنگ بندی میں دولتِ اسلامیہ ، القاعدہ اور النصرہ فرنٹ کے گروہ شامل نہیں ہیں۔اقوامِ متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنگ بندی کا یہ معاہدہ ناکام ہوا تو یہ تباہ کن ہوگا جس سے مزید چار لاکھ افراد بے گھر ہو گر ترکی کی سرحد کا رخ کر سکتے ہیں۔