خبرنامہ انٹرنیشنل

شام: کرد جنگجوؤں سے جھڑپ میں 8 ترک فوجی مارے گئے

شام: کرد جنگجوؤں سے جھڑپ میں 8 ترک فوجی مارے گئے

لاہور:(ملت آن لائن)شام میں برسرپیکار کرد جنگجوؤں نے ترکی کے 8 فوجیوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد ترکی نے کہا ہے کہ وہ اس کا بدلہ ضرور لے گا۔ ترکی نے تقریباً دو ہفتے قبل ترک سرحد سے متصل شامی سرحدی علاقے عفرین سے کرد جنگجوؤں کو پیچھے دھکیلنے اور اسے محفوظ زون بنانے کے لیے زمینی و فضائی فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز عفرین کے شمال مشرقی علاقے شیخ ہروز میں کرد جنگجوؤں نے ترک فوجیوں کے ایک ٹینک کو گھر کر اس پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 5 ترک فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ عفرین کے دیگر علاقوں میں بھی جھڑپوں کے دوران ترکی کے 3 فوجی مارے گئے۔
ترکی نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف آپریشن شروع کردیامشام میں ترکی کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک یہ ترک فوج کو ہونے والا سب سے بھاری نقصان ہے۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ کرد جنگجوؤں کو اس کی کئی گنا زیادہ قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترک فوج نے واقعے کے بعد فوری طور پر جواب دیا اور آئندہ بھی کرد جنگجوؤں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے 20 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ ان کی افواج نے شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف فضائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ترک فوج کی جانب سے شام میں شروع کیے گئے آپریشن کو ’اولیو برانچ‘ کا نام دے کر کہا گیا تھا کہ اس مشن کا مقصد کرد ملیشیا اور داعش کا خاتمہ ہے۔ ترکی کے اس اقدام پر امریکا نے خبردار کیا تھا کہ ترکی کی جانب سے شام میں آپریشن سے علاقہ عدم استحکام کا شکار ہو گا جبکہ روس نے بھی آپریشن اولیو برانچ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔